پاکستان نے کراچی ہندو مندر واقعے پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کردیا

اسلام آباد:پاکستان نے کراچی میں ہندو مندر میں پیش آنے والے بدقسمت واقعے کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کو مسترد کر دیا ہے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان میں مذہبی جنونیوں کے ذریعے مسلمان برادری پر تشدد کرنے والوں کو ریاستی مشینری کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔حکومت پاکستان اس معاملے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کررہا ہے ، حملہ آوروں کے خلاف پہلے ہی ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے ، ان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ وہ انصاف سے نہیں بچ پائیں گے، حکومت ان کے ساتھ قانون کی پوری طاقت سے نمٹے گی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان حکومت کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پورے ہندوستان میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق، زندگیوں اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، خاص طور پر مسلمانوں کو جنہیں ‘ہندوتوا’ کے حامیوں کی طرف سے وحشیانہ حملوں کا سامنا ہے۔حال ہی میں توہین آمیز کلمات کے ذمہ دار بی جے پی عہدیداران کے خلاف بی جے پی قیادت اور بھارتی حکومت کی دو ٹوک مذمت ، فیصلہ کن اور قابل عمل کارروائی بھارت میں مسلمانوں کے دکھ درد کو کم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ڈھارس بندھانے کی جانب پہلا قدم ہوگا ۔