خیبرپختونخوا میں جنگلات کوجان بوجھ کر آگ لگائے جانے کا انکشاف، 12 ملزمان گرفتار

پشاور:صوبہ خیبرپختونخوا کے جنگلات میں آگ لگنے کی وجہ سامنے آگئی جہاں جنگلات کو جان بوجھ کر آگ لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کے واقعات کی وجوہات جاننے کے لیے جاری تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جنگلات کو جان بوجھ کر آگ لگائی گئی ، اس حوالے سے صوبائی محکمہ جنگلات نے کہا ہے کہ ملزمان کی جانب سے ذاتی ملکیتی جنگلات کو حکومتی امدادکی غرض سے آگ لگائی گئی جب کہ سرکار کے زیر انتظام جنگلات میں صرف 3 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔اسی حوالے سے ذرائع کا کہناہے کہ آگ لگانے میں ملوث 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، گرفتار افراد میں 4 ایبٹ آباد ،4 سوات،2 دیر لوئراور 2 کا تعلق خیبر سے ہے ، گرفتار افراد کے خلاف محکمہ جنگلات ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ چند دن میں خیبر پختونخوا میں جنگلات میں آگ لگنے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں ، جن میں مالی اور جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ، جہاں شانگلہ کے پہاڑوں میں لگی آگ کی زد میں آکر 4 افراد مارے گئے۔