حافظ طاہر محمود اشرفی کی برسراقتداربھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان کی طرف سے نبی کر یم ؐکے بارے میں گستاخانہ الفاظ کی شدید مذمت

اسلام آباد:پاکستان علمائے کونسل کے چیئرمین حافظ طاہرمحمود اشرفی نے برسراقتداربھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان کی طرف سے نبی کریمؐ کے بارے میں گستاخانہ الفاظ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علمائے کونسل اور ان کی حلیف جماعتیں اس حوالے سے مشاورت کر رہی ہیں اور اس پر جامع لائحہ عمل مرتب کریں گے ، وزیراعظم شہبازشریف نے اس حوالے سے جن جذبات کا اظہار کیا ہے وہ پورے عالم اسلام کے امن پسندوں کی ترجمانی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارت میں برسراقتدار پارٹی بی جے پی کے ترجمان کی طرف سے جو رسول اللہ کی اہانت اور توہین کے جملے کہے گئے ہیں اس پر احتجاج ہو رہاہے ۔پورا عالم اسلام حالت اضطراب میں ہے، مختلف عر ب اسلامی ممالک میں بھارتی سفراء کو بلا کر احتجاج ریکارڈ کیا جارہاہے ، عرب اسلامی دنیا میں باقی جگہوں پر ہر امن پسند ہندوستانی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے وقت میں وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے جن جذبات اور احساسات کا اظہار کیا گیا ہے میں سمجھتا ہوں کہ وہ پورے عالم اسلام بلکہ پورے عالم کے امن پسندوں کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے ہمارے آقا حضرت محمدؐ کی ناموس سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ہے ، پاکستان علمائے کونسل اور اس کی حلیف جماعتیں اس پر مشاورت کر رہی ہیں، کل ان شاء اللہ اس حوالے سے ہم ایک لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ہمیں پرامن اور منظم انداز سے یہ جو وقتاً فووقتاً توہین رسالت کا سلسلہ ہوتا ہے اس کو ختم کروانے کے لئے عالمی سطح پر جو جدوجہد کی جارہی ہے اسلام فوبیا کے حوالے سے توہین ناموس رسالت کے حوالے سے اسے آگے لیکر جانا ہے۔