موبائل براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں ایک سال کے دوران 13 فیصد اضافہ

اسلام آباد:موبائل براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں ایک سال کے دوران 13فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ٹیلی کیمونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق اپریل کے اختتام پر صارفین کی تعداد 113تک پہنچ چکی ہے۔ اس طرح گزشتہ جون کے مقابلہ میں اپریل 2022کے خاتمہ تک تقریباً گیارہ مہینوں کے دوران صارفین کی تعداد میں 13فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2022 کے اختتام پر 43ملین صارفین کے ساتھ جیز پہلے نمبر پر ہے اور موبائل براڈ بینڈ صارفین میں کمپنی کے صارفین کی شرح 38فیصد جبکہ 28فیصد شیئر کے ساتھ زونگ دوسرے نمبر پر ہے جس کے براڈ بینڈ موبائل صارف 31ملین تک پہنچ چکے ہیں۔ اسی طرح 25ملین صارفین اور 22فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ ٹیلی نار تیسرے نمبر پر اور 11فیصد مارکیٹ شیئر اور 12.4ملین صارفین کے ساتھ یو فون چوتھے نمبر پر ہے۔