وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات

اسلام آباد:سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری نے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، ثقافت اور سٹریٹجک شراکت داری کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر نے سعودی عرب میں نیوم سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کے لیے افرادی قوت میں پاکستانی کوٹہ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ساجد طوری کا مزید کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ میں مختلف ہنر مند اور غیر ہنر مندملازمتوں کے لیے پاکستانیوں کے لئے معیار، ترقی یافتہ ممالک کی نسبت زیادہ کھلا ہونا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو نوکری کے مواقع مل سکیں جس سے بہت سے پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید بڑھانے پر متفق ہے۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل صورت حال میں ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں سعودی حکومت کے تعاون کو سراہا۔