پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو

اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے ملاقات کے دوران پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس نے ہمیشہ ان اصولوں کے مطابق عالمی مسائل کے حل کی حمایت کی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ گروپ 77 اور چائنہ کے موجودہ سربراہ کے طور پر، پاکستان اقوام متحدہ میں ترقی پذیر ممالک کی جانب سے اہداف کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی حمایت کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر پہلے دو پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جس کا مقصد غربت اور بھوک کا خاتمہ کرنا ہے۔ وزیر خارجہ نے یوکرین کی صورتحال پر مذاکراتی حل کو فروغ دینے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کو نسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے تک امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ وزیر خارجہ نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے سیکرٹری جنرل کے عزم کو سراہتے ہوئے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے موجودہ سربراہ کے طور پر پاکستان کی صلاحیت سمیت اس کوشش میں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغان عوام کے لیے انسانی اور معاشی امداد کو متحرک کرنے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے افغانستان میں عدم استحکام کے پاکستان میں پھیلائو پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کے ردعمل کو فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنا چاہیے اور افغانستان میں معیشت کے مکمل خاتمے سے بچنا چاہیے جس کے عام افغانوں کے لیے سنگین نتائج ہوں گے۔