خیبرپختونخوا حکومت نے قبا ئلی اضلاع سمیت صوبے کی ترقی کیلئے 36 ارب روپے لاگت کے منصوبوں کی منظوری دیدی

پشاور : صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی خیبرپختونخوا نے صوبے کی ترقی کے لئے 36 ارب روپے لاگت کے منصوبوں کی منظوری دیدی ۔یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ترقی و منصوبہ سازی خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ پی ڈی ڈبلیو پی کے بیسویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے حکام اور اراکین نے شرکت کی۔فورم نے صوبے کی ترقی کے لیے کھیل و سیاحت، سی اینڈ ڈبلیو، اعلیٰ تعلیم اور ٹرانسپورٹ سے متعلق 16 منصوبوں کی منظوری دیدی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات پر منظور کردہ منصوبوں میں ضلع بنوں میں یتیم بچوں کیلئے 500 کنال پر محیط سنٹر آف ایکسیلینس کا قیام اور بنوں تا میران شاہ 61 کلومیٹر ضلع شمالی وزیرستان سڑک کی تعمیر شامل ہے۔مرکز جس میں 1000 بچوں کی گنجائش رکھی گئی ہے میں حکومت یتیم بچوں کیلئے رہائش، خوراک اور تعلیم و تربیت کے ضروریات پوری کریگی۔ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں منظور شدہ منصوبوں میں ضلع کرم ٹل پاڑہ چنار اور انگور اڈہ جنوبی وزیرستان اور مالی خیل خرلاچی سڑکوں کی بہتری اور بحالی، قنجوبوری،کاکڑ شانگ اور بندہ اخون زادگان شری خوار الائی آر سی سی پل کی تعمیر کی فزیبلٹی سٹڈی اور ڈیزائن، بٹگرام پائمل روڈ کی مرمت ضلع بٹگرام، ضلع جنوبی وزیرستان میں شہور تا تورمنڈی اور غنڈہ کئی سرینہ سڑک کی تعمیر، مالی خیل کی بہتری اور بحالی خرلاچی روڈ،محسود ایریا میں سڑک کی تعمیر و بحالی، ضلع مردان میں عزیر بھٹی چوک تا جواد چوک سڑک کو دو رویہ کرنا اور فیزیبیلٹی سٹڈی اور ڈیزائن، اے ائی پی کے تحت پلوں کی تعمیر، بہتری اور بحالی، خیبر پختونخوا میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر، بہتری اور بحالی، ضلع سوات میں موجودہ گراونڈز کے لیے سہولیات کی فراہمی، خیبر پختونخوا میں ٹرانسپورٹ انسپکشن سٹیشنوں کا قیام، ٹیکس سہولت مراکز اور خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع میں ایکسائز دفاتر کا قیام شامل ہیں۔