صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیرِ صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

سوات: خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا ہے کہ مفاد عامہ کے ترقیاتی کاموں میں مزید تاخیرکے متحمل نہیں ہوسکتے، متعلقہ ادارے ٹائم لائن کے عین مطابق منصوبے مکمل کریں، وہ منصوبے مکمل تصور نہیں کئے جائیں گے جن سے عوام نے استفادہ کرنا نہیں شروع کیا، ٹائم لائن مکمل کرنے والے منصوبوں میں اگر کہیں رکاوٹیں ہیں تو فوری دور کی جائیں، جائزہ اجلاسوں میں مفصل رپورٹس پیش کی جائیں تاکہ مسائل کا بروقت ادراک کرتے ہوئے حل نکالا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم اے آفس بریکوٹ میں حلقہ پی کے چھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مختلف ضلعی محکموں کے سربراہان و نمائندوں، ضلعی انتظامی آفیسرز اور تحصیل میونسپل آفس کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں تحصیل بریکوٹ کے نومنتخب چیئرمین کاشف علی خان نے بھی شرکت کی۔ ضلعی محکموں کی جانب سے صوبائی وزیر کو جاری منصوبوں میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے بعض منصوبوں میں غیر متوقع سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔بعض ضلعی محکموں کی جانب سے آب نوشی و دیگر منصوبوں میں بجلی کنکشن کی عدم فراہمی اور پیسکو واپڈا کی جانب سے عدم تعاون کی شکایات کی گئیں۔ اس حوالے سے وزیر ہاؤسنگ نے پیسکو حکام کو منصوبوں میں تعاون یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے اور کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے اس مد میں پیسکو اور واپڈا کو فنڈ فراہم کئے ہیں اور ایسے میں عدم تعاون منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے۔ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ تحصیل بریکوٹ میں آب نوشی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے کیونکہ عوام کو صاف پانی کی عدم فراہمی سے بیماریوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ نے ضلعی انتظامیہ و ٹی ایم اے کو تجاوزات دور کرنے اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اس حوالے سے وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ منشیات کی کھلے عام دستیابی سے نوجوانوں میں اس کا استعمال خطرناک صورتحال اختیار کرگیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔