عالمی بینک کا سوڈان میں غریب لوگوں کی مدد کیلئے فنڈنگ منصوبے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

خرطوم:عالمی بینک سوڈان میں غریب لوگوں کی مدد کے لیے فنڈنگ منصوبے دوبارہ شروع کر ےگا ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ عالمی بینک نے سوڈانی حکام کو مطلع کیا ہے کہ وہ سوڈان میں غریب لوگوں کی مدد کے لیے فنڈنگ ​​کے منصوبے دوبارہ شروع کرے گا۔وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خزانہ جبریل ابراہیم کو مطلع کیا گیا ہے کہ عالمی بینک نے غریبوں کی مدد سے متعلق پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کا آغاز کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ورلڈ بینک ایسے منصوبوں کو دوبارہ شروع کرنے کے اقدامات کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے جو سوڈان میں غریب لوگوں کی مدد پر براہ راست توجہ مرکوز کرتے ہیں جن میں ثمرات پروگرام،سپورٹ پروگرام ،کورونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن اور عالمی خوراک پروگرام شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ثمرات پروگرام عالمی بینک کی طرف سے مالی اعانت فراہم کرنے والے سب سے اہم پروگراموں میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے، جس کا مقصد سوڈان میں تحلیل شدہ عبوری حکومت کی طرف سے اختیار کیے گئے اقتصادی اصلاحاتی پروگرام کے اثرات کو کم کرنا ہے۔سپورٹ پروگرام سابق وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کی حکومت نے 2020 میں شروع کیا تھا تاکہ سوڈان کی کل آبادی 40 ملین میں سے تقریباً 32 ملین سوڈانی لوگوں کو براہ راست نقد امداد فراہم کی جا سکے۔عالمی بینک کے مطالعے کے مطابق، 30 فیصد سوڈانی اقتصادی اصلاحات کے نفاذ کے بعد اب اپنی بنیادی ضروریات خریدنے کے قابل نہیں ہیں۔سوڈان کی مسلح افواج کے جنرل کمانڈر عبدالفتاح البرہان کی جانب سے 25 اکتوبر 2021 کو ہنگامی حالت کا اعلان کرنے اور خودمختار کونسل کو تحلیل کرنے کے بعد امریکا اور بین الاقوامی ایجنسیوں کی جانب سے امداد معطل کرنے کے بعد سے سوڈان کو معاشی بحران کا سامنا ہے۔