گرمی کی لہر ، خشک سالی اور سیلاب جیسے حالات ماحولیات سے متعلق ہمارے رویوں میں تبدیلی کا تقاضا کرتے ہیں،شیری رحمان

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں اور ان کے نتیجے میں شدید گرمی کی لہر ، خشک سالی اور سیلاب جیسے حالات ماحولیات سے متعلق ہمارے رویوں میں تبدیلی کا تقاضا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (زیبسٹ) اسلام آباد کے سالانہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیم کے ادراوں نے ہی ہمارے مستقبل کا تعین کرنا ہے، طلباء پاکستان کا مستقبل ہیں، کل انہوں نے ہی ملک کی قیادت کرنی ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ وہ راستہ اور شعبہ منتخب کریں جو آپ کو پرجوش بناتا ہے، والدین سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کو اپنا راستہ اور کرئیر کا انتخاب کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو کیرئر اور زندگی میں اپنا مقام حاصل کرنے کے لئے محنت اور مقابلہ کرنا ہوگا، لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے راستے میں معذرت خواہانہ رویوں کو ترک کرنا ہوگا۔شیری رحمان نے طلباء وطالبات پر زور دیا کہ آپ کو اپنے سماج اور ملک کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور فروغ کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں،پاکستان کو پانی کی کمی، خشک سالی، ہیٹ ویو اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشئیرز کے پگھلنے سے سیلاب سمیت شدید موسمی حالات اور دیگر ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے۔احتیاط نہ برتی گئی تو بار بار ہیٹ ویو آتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ زمین ہمیں پیغام دے رہی ہوتی ہے، ہمیں وہ سننے کی ضرورت ہے۔