پی سی بی کا پاکستان اورسری لنکاکے مابین ویمنز سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے 24 مئی سے شروع ہونے والی پاکستان بمقابلہ سری لنکا ویمنز سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔دونوں ممالک کی خواتین ٹیموں کے مابین ٹی -20 اور ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تمام میچز سائوتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلے جائیں گے۔سیریز میں شرکت کے لیے مہمان ٹیم 19 مئی کو پاکستان پہنچے گی۔ ٹی 20 سیریز میں شامل تین میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، 03 اور 05 جون کو کھیلے جائیں گے۔ آصف یعقوب، فیصل آفریدی، امتیاز اقبال اور عمران جاوید اس سیریز میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے علی نقوی جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے جاوید ملک کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔