گلگت میں مرحوم کوہ پیما علی سدپارہ کے مجسمے کی نمائش

گلگت:مرحوم کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے گلگت کے علاقے سونی کوٹ میں ایم پی چوک پر ان کا ایک مجسمہ نصب کردیا گیا ہے۔ محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سونی کوٹ کے ایم پی چوک کی تصویر شیئر کی ہے۔ اس تصویر میں سونی کوٹ کے ایم پی چوک پر محمد علی سدپارہ کا مجسمہ نصب کیا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایم پی چوک گلگت سونی کوٹ میں علی سدپارہ کا عظیم مجسمہ نصب کیا گیا اور اس چوک کا نام اب (سدپارہ چوک) رکھ دیا گیا ہے‘۔ اُنہوں نے اپنے والد کو یہ شاندار خراجِ عقیدت پیش کرنے پر گلگت شہر کا شکریہ بھی ادا کیا۔یاد رہے کہ محمد علی سدپارہ مشہور کوہ پیما تھے جو گزشتہ سال فروری میں کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے اور انہیں تلاش کرنے کی تمام کوششیں ناکام رہی تھیں۔بعد ازاں گزشتہ سال جولائی میں پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ محمد علی سدپارہ کی تدفین کے ٹو کیمپ فور پر کر دی گئی ہے