سوشل میڈیا پر غیراخلاقی ویڈیوز سے لوگوں کوبدنام کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر فحش اور غیراخلاقی وڈیوز سے لوگوں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتارکیا جائیگا۔جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیاجائے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرنی ہے کیونکہ اس کو بلیک میلنگ کے لئے استعمال کیاجاتا ہے ۔ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے اورغیراخلاقی وڈیوز، تصاویر سمیت اس نوع کا گند پھیلانے والوں کا صفایا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کردی ہیں