بھارتی اداکارہ نے ہندو انتہا پسندوں کو للکارتے اہم اعلان کر دیا

نئی دہلی:بھارتی ٹی وی کی نامور اداکارہ اور بگ باس ونر شندے نے ہندو انتہا پسندوں کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے پاکستان میں پرفارم کرنے سے کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی وی کی نامور اداکارہ شلپا شندے نے میکا سنگھ کی حمایت میں آواز اٹھا کر ہندو انتہا پسندوں کو للکارا ہے۔شلپا نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میرا ملک مجھے ویزا دے گا اور پاکستان میں خیر مقدم کیا جائے گا تو میں پاکستان ضرور جاؤں گی اور بطور فنکارہ وہاں پر ضرور پرفارم کروں گی، شلپا شندے نے کہا کہ بطور فنکار پرفارم کرنا میرا حق بنتا ہے جس سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔آپ ایک فنکار پر اس طرح کی پابندیاں نہیں لگا سکتے۔مجھے روزی روٹی کمانے کے لیے کسی میڈیم کی ضرورت نہیں۔میں سڑک پر اسٹیج لگا کر پرفارم کر کے پیسے کما سکتی ہوں۔مجھے کسی کا باپ بھی پرفارم کرنے سے نہیں روک سکتا اور نہ ہی میں کسی سے ڈرتی ہوں۔شلپا نے مزید کہا کہ میکا سنگھ کو زبردستی ٹارچر کر کے اس سے معافی منگوائی گئی۔واضح رہے کہ بھارتی گلوکار میکا سنگھ کی چند روز قبل پاکستان میں شادی کی تقریب کے دوران پرفارمنس پر ہندو انتہا پسند اور نفرت انگیزبھارتی میڈیا شدید برہم ہے اور میکا سنگھ کے معافی مانگنے کے باوجود انہیں تنگ کرنے سے باز نہیں آرہا۔ گزشتہ روز میکا سنگھ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پاک بھارت کشیدگی کے اس ماحول میں پاکستان میں پرفارمنس کرنے کو اپنی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کشیدگی سے بہت پہلے معاہدہ طے کیاتھا لہٰذا جب مجھے ویزا موصول ہوا تو میں چلا گیا۔ میکا سنگھ نے پاکستان میں پرفارم کرنے پرمعافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ یہ غلطی نہیں دہرائیں گے۔