پاک فوج کے تعاون سے قبا ئلی ضلع باجوڑ میں 44 سکول11 کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز اور صاف پانی کی فراہمی کے 68 منصوبے مکمل

پشاور(عبداللہ شاہ بغدادی)سابقہ فاٹا کی ساتوں ایجنسیوں میں امن قائم ہونے کے بعد حکومت پاکستان نے آئین کی پچیسویں ترمیم کے تحت اضلاع کا درجہ دے کر خیبر پختونخوا میں ضم کر دیا. ضم ہونے کے بعد ان اضلاع میں وسیع پیمانے پر ترقیاتی کام شروع کر دیئے گئے. حکومت پاکستان نے سالانہ فنڈز کی فراہمی بھی شروع کر دی تاکہ ان اضلاع میں ترقیاتی کام کا تسلسل جاری رہ سکے. حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز بشمول پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور نارتھ اور ساوتھ بھی ان اضلاع کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں. اس سلسلے میں سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں بہت ہی کم عرصہ میں سکولوں, چھوٹے ہسپتالوں, ڈسپنسریوں, ہیلتھ سینٹرز, صاف پانی کی فراہمی, انفراسٹرکچر اور مواصلات سمیت بڑی تعداد میں دیگر اہم پراجیکٹس نا صرف مکمل کر لئے بلکہ کئی پراجیکٹس پر کام جاری ہے. ضلع باجوڑ کے دور دراز علاقوں چارمنگ, کلپانی, مسلم باغ, سالارزئی, تبائ, ڈھیراکئ سمیت دیگرعلاقوں میں مکمل کئے جانے والے سکولوں (جن میں نئے تعمیر کئے گئے سکول اور پہلے سے تعمیر شدہ سکولوں کی ازسرنو تعمیر شامل ہے) کی تعداد 44 ہے جن میں لڑکوں اور لڑکیوں کے پرائمری اور مڈل سکول شامل ہیں. اسی طرح سیکیورٹی فورسز کی جانب سے صحت کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور ناصرف نئے کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز تعمیر کئے گئے ہیں بلکہ پہلے سے موجود چھوٹے ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی ازسرنو تعمیر بھی جاری ہے. ضلع باجوڑ کے علاقوں قذافی, خار, منڈال, کگا اور مینہ سمیت دیگر علاقوں میں اب تک 11 کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز, چھوٹے ہسپتال اور بیسک ہیلتھ یونٹس قائم کئے جا چکے ہیں. جن سے ضلع باجوڑ کی عوام مستفید ہو رہی ہے. سیکیورٹی فورسز نے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر واٹر سپلا ئی سکیمیں شروع کیں. ضلع باجوڑ کے دوردراز علاقوں میں اب تک صاف پانی کی فراہمی کے 68 پراجیکٹس مکمل ہو چکے ہیں. اور صاف پانی کی فراہمی کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لئے سیکیورٹی فورسز نے سولر سسٹم بھی لگائے ہیں. سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں مواصلات کے نظام کو موثر بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر بڑی اور چھوٹی سڑکوں کی تعمیر ناصرف مکمل کر لی بلکہ کئ علاقوں میں اس پر تیزی سے کام جاری ہے. تاکہ علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل جاری رہ سکے. اسکے ساتھ ساتھ دیگر اہم کمینٹی بیسڈ پراجیکٹس کے ذریعے ضلع باجوڑ میں مسجدوں, بس سٹینڈز, مارکیٹوں سمیت دیگر پراجیکٹس پر بھی کام جاری ہے. سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں سے ضلع باجوڑ ترقی کی نئی منزلوں کی جانب رواں دواں ہے. وہ وقت دور نہیں جب یہ ضلع بھی پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا.