پی ٹی سی ایل گروپ کو سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 35ارب 10کروڑروپے کی آمدن

اسلام آباد:پاکستان میں ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اسلام آباد میں منعقدہ اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کرتے ہوئےبتایا کہ 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 35 ارب 10 کروڑ روپے کی آمدن ہوئی۔پی ٹی سی ایل کے گروپ فنانشل ہیڈ ندیم خان نے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ نے کامیابی سے ترقی کا مثبت رجحان برقرار رکھا جس کی بدولت پاکستان میں ٹیلی کام کی جامع خدمات فراہم کرنے والے ادارہ کے طور پر اسکی مارکیٹ پوزیشن مزید مستحکم ہوئی۔ریونیو میں اضافہ بنیادی طور پر کنزیومر سیگمنٹ کی فکسڈ براڈ بینڈ، موبائل ڈیٹا، بزنس سلوشنز اور مائیکروفنانس سروسز میں مستحکم کارکردگی کی وجہ سے ہوا ،جن کی بدولت گروپ کے ریونیو میں پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں 3.2فیصد اضافہ ہوا، یہ اضافہ کمپنی نے ایڈوانس ٹیکس میں اضافے اور موبائل ٹرمی نیشن کے نرخوں میں کمی سے پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود حاصل کیا۔انہوں نے پی ٹی سی ایل گروپ کے اہم نکات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل گروپ نے سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 35ارب 10کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 3.2فیصد زائد ہےاگرچہ گروپ کا منافع بدستور دباؤ کا شکار رہا،جس کی وجہ بجلی کے نرخوں میں قابل ذکر اضافہ، روپے کی ڈالر کے مقابلے میں تنزلی، بلند شرح سود اور دیگر عوامل جیسے فور جی اسپیکٹرم کے حصول اور اس سے متعلقہ نیٹ ورک رول آؤٹ سے متعلق اضافی اخراجات ہیں۔گروپ کو اس سہ ماہی میں 1ارب60کروڑ روپے کے نقصان کا سامنا رہا ہے، پی ٹی سی ایل نے سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران اپنے ریونیو میں 3.5فیصد سالانہ اضافہ کے ذریعے اپنی بڑھوتری برقرار رکھی۔انہوں نےکہا کہ موبائل فون سہولیات فراہم کرنے والی اتصلات کی ملکیتی کمپنی یو فون (پی ٹی ایم ایل) نے سال 2021 کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں اپنے ریونیو میں 01فیصد اضافہ کرلیا اسی طرح یو بینک نے اپنی ترقی کی رفتار جاری رکھتے ہوئے گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں آمدن میں 13فیصد اضافہ کیا۔اس سہ ماہی میں پی ٹی سی ایل کی آمدن 19.6 ارب روپے رہی جو سال 2021 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 3.5فیصد زائد ہے اور اس کی بنیادی وجہ براڈ بینڈ اور کارپوریٹ ریونیو کے شعبوں میں ترقی ہے۔انہوں نے بتایا کمپنی نے اس سہ ماہی کے دوران 1ارب روپے کے آپریٹنگ منافع کا اعلان کیا ہے، آپریٹنگ منافع گزشتہ سال کے مقابلے میں دباؤ کا شکار رہا جس کی بڑی وجہ بجلی کے نرخوں میں اضافے سے آپریٹنگ لاگت کا بڑھنا ہے۔ندیم خان کے مطابق اس سہ ماہی میں کمپنی کا خالص منافع 1ارب90کروڑ روپے رہا جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 10فیصد زائد ہے۔ نان آپریٹنگ آمدن میں اضافہ، بوجوہ کمپنی کے ظاہر کردہ میں فاریکس اثاثوں، ذیلی اداروں سے ڈیویڈنڈ آمدن اور اپ گریڈ و نیٹ ورک میں فائبریزیشن کے باعث پرانے سامان کی تلفی کے نتیجے میں کمپنی کو اپنے آپریٹنگ منافع کی سطح میں 39فیصد کمی کو 10فیصد خالص منافع کی سطح میں اضافہ کرنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سہ ماہیوں کے دوران پی ٹی سی ایل نے اپنے فلیگ شپ فلیش فائبر، فائبر ٹو ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ) برانڈ کے ذریعے اپنے صارفین کو تیز ترین اور قابلِ بھروسا انٹرنیٹ کی فراہمی کے ذریعے انہیں بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز رکھی۔ ایک جارحانہ کاروباری حکمت ِ عملی کے تحت پی ٹی سی ایل نے گزشتہ ایک سال کے دوران ایک لاکھ پچیس ہزار (125,000) نئی لائنوں کی صلاحیت کے حصول کے ساتھ اپنی ایف ٹی ٹی ایچ سروسز کا جال 27شہروں تک پھیلا دیا ہے، اس تیز ترین ایف ٹی ٹی ایچ فراہمی اور کارپوریٹ شعبے میں مضبوط کارکردگی کی بدولت پی ٹی سی ایل کی ٹاپ لائن کی ترقی یقینی ہوئی۔انہوں نےپی ٹی سی ایل کی بزنس سروسز کاتذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بزنس سروسز میں مستحکم ترقی جاری رکھتے ہوئے آئی پی بینڈ وتھ، کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹر اور دیگر آئی سی ٹی خدمات کے شعبوں میں اپنی مارکیٹ پوزیشن برقرار رکھی،پی ٹی سی ایل کے کارپوریٹ بزنس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 14فیصد اضافہ ہوا، ہول سیل بزنس کے سیگمنٹ میں کیرئیر کی آمدن میں 6.6فیصد اضافہ ہوا لیکن مخصوص بین الاقوامی آئی پی لیز شدہ سرکٹس کی بندش کے نتیجے میں ہول سیل سیگمنٹ کی مجموعی آمدن کم ہوئی۔فنانشل ہیڈ نے کہا کہ پی ٹی سی ایل بزنس سلوشنز کا شعبہ اپنے جدید ترین ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر اور متنوع خدمات کے پورٹ فولیو کی مدد سے جدت انگیز سہولیات کی فراہمی میں مصروفِ عمل ہے، جس کی بدولت صارفین کو بہترین ٹیلی کام خدمات سے مستفید ہونے کا موقع حاصل ہے۔انہوں نے یو بینک کے حوالے سے بتایا کہ یو بینک، پی ٹی سی ایل کا مائیکروفنانس اور برانچ لیس بینکنگ کا ذیلی ادارہ ہے جس نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 13فیصد ریونیو اضافے سے اپنی ترقی کا سفر جاری رکھا۔ بینک کی فنڈنگ بک میں ڈپازٹ اور کارپوریٹ فنانس کے شعبوں میں بڑھوتری کے سبب 90ارب کا اضافہ ہوا، جوبینک کے اپنے اعلیٰ لیکویڈٹی پوزیشن کو مستحکم رکھنے کے عزم کا آئینہ دار ہے۔بینک کی جانب سے قابل ذکر اہم اقدامات میں سستے گھر، اسلامی بینکاری اور بین الاقوامی سطح پر ترسیلات زر کے شعبوں میں نئے منصوبے شامل ہیں۔ بینک کا ارادہ ہے کہ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی جائے تاکہ ڈیجیٹل بینکنگ کے میدان میں زیادہ سے زیادہ مواقع دستیاب ہوں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری سماجی ذمہ داری سرسبز پاکستان کی تعمیر میں اپنے کردار کی ادائیگی کے لئے پی ٹی سی ایل گروپ نے سی ڈی اے کے اشتراک سے اپنے ملازمین کی رضاکار فورس، پی ٹی سی ایل رضاکار کے ذریعے شجرکاری کی بڑی سرگرمی میں حصہ لیا۔ماحولیاتی فوائد کے ساتھ اس سرگرمی سے پی ٹی سی ایل سٹاف کو موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع حاصل ہوا۔ ایسی ہی مہمات ملک گیر سطح پر شمالی، جنوبی اور وسطی زونز میں سرانجام دی گئیں جہاں دیگر شہروں کے سٹاف نے بھی شجرکاری مہمات میں اپنی خدمات پیش کیں۔