پاک فوج کیخلاف مہم چلانے والے 12 ملزمان کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات درج

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف نفرت انگيز مواد پھيلانے کے الزام میں مختلف شہروں سے مزید 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق 2 دنوں میں مختلف شہروں سے اب تک 12 افراد گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ ملزمان کیخلاف 9 مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام خود معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔حکام کے مطابق اداروں کیخلاف سوشل میڈیا مہم میں ملوث ملزمان کیخلاف دہشت گردی قوانین کے تحت مقدمات چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ مذکورہ تمام کیسز سائبر کرائم ونگ سے انسداد دہشتگردی ونگ منتقل کردیئے گئے۔واضح رہے کہ کل بھی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پاک فوج کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم میں ملوث نیٹ ورک کے مزید 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان اور فیصل آباد سے گرفتارکیےگئے تھے جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔حکام کے مطابق نفرت پھیلانے والے 2200 سوشل میڈیا اکاونٹس کی شناخت کرلی گئی۔ مذکورہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے افواج کیخلاف2لاکھ سے زائد پوسٹ کی گئیں۔ اداروں کیخلاف مہم میں ملوث سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کی شناخت کے بعد کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔پورے ملک سے مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ گرفتاریاں نیٹ ورک کے سرغنہ مقصود عارف سے تفتیش کے بعد ممکن ہوئی،مقصود عارف کوایف آئی اے نے آرمی چیف کیخلاف ٹویٹر ٹرینڈ چلانے کے الزام میں لاہور سے گرفتار کیا تھا۔