بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی معیاری گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے اپنے تعلیمی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنائے،ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی معیاری گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے اپنے فزیکل اور آن لائن تعلیمی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنائے، یونیورسٹی تعلیمی شفٹوں کو دوگنا کرے، اس سلسلے میں 3 ماہ کے اندر تجویز پیش کرے۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کو ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ ریکٹر اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے تعلیمی پروگراموں اور نئے منصوبوں پر بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یونیورسٹی نے تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے ایک نئے سٹریٹجک پلان (26۔2022) کی منظوری دی، نئے پلان کا مقصد تحقیق اور تعاون میں اضافہ اور یونیورسٹی کے مالی استحکام کو بڑھانا ہے، نئے پلان سے یونیورسٹی کیمپس میں معیار زندگی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، پلان سے گورننس میں بہتری آئے گی،یونیورسٹی کی ڈیجیٹلائزیشن میں بھی مدد ملے گی، نیا پلان ملکی سماجی و اقتصادی اور تکنیکی ماحول کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یونیورسٹی طلبا کو تکنیکی ہنر کے ساتھ تنقیدی سوچ، موثر ابلاغ، ٹیم ورک جیسی سافٹ مہارتوں سے بھی لیس کرے،یونیورسٹی اپنی سینیٹ میں مارکیٹ سے ماہرین کو شامل کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ طلبا کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سے لیس کرنے کیلئے انڈسٹری کے ساتھ تعاون کی ضرورت ہے، ہنرمند گریجویٹس کی بڑھتی مانگ پوری کرنے کیلئے 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگراموں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ صدر مملکت نے ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کی کارکردگی اور کردار کو سراہا