بھیک مانگنے والوں کو باعزت روزگار فراہم کرنےمہم کا آغاز

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکی ضلعی انتظامیہ نے بھیک مانگنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنے اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے لئے ”کلین اینڈ گرین پاکستان” کے تحت شاپنگ بیگز کے متبادل کپڑے اور کاغذ تھیلے فروخت کرنے کی جانب مائل کرنے کی مہم کا آغاز کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق اس ضمن میں تجارتی مراکز میں خصوصی اسٹال لگانے میں ضلعی انتظامیہ ایسے افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کے علاوہ خواجہ سرائوں کو بھی اس شاپنگ بیگز کے متبادل تھیلے اور کاغذ کے لفافے فروخت کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے اس مثبت اور تعمیری اقدام کو عملی جامع پہنانے کے لئے رابطہ مہم شروع کردی ہے اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ، مجسٹریٹ اور پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ سرکل میں پیشہ ور بھکاریوں اور خواجہ سرائوں کو ایسے کاروبار کی جانب مائل کریں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ ضلعی انتظامیہ اس ضمن میں بھیک ترک کرنے والے افراد اور خواجہ سرائوں کے کاروباری سٹالز کا قائم کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔