افغانستان کے عوام، شعراء، ادیبوں، فنکاروں اور گلوکاروں کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں،بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور: محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا اور پاکستان ٹیلی ویژن کی مشترکہ کاوش سے عالمی یوم مشاعرہ کے موقع پر پاک افغان شعراء پر مشتمل مشاعرے کا اہتمام کیا گیا. جس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کی.افتتاحی کلمات سے مشاعرے کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ شاعری کسی بھی معاشرے کے احساسات کا مجموعہ ہوتی ہے۔شعراء معاشرے کے ان پہلوؤں کو اپنے شعور سے سامنے لاتے ہیں جوکہ عام لوگوں کی نظر سے اوجھل ہوتے ہیں۔ شاعری کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان اور افغانستان کے شعراء کا مشترکہ مشاعرہ قابل ستائش ہے جو دونوں ملکوں کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو قریب لانے میں معاون ثابت ہوگا۔اس طرح کی تقاریب دونوں برادر اسلامی ممالک میں اعتماد، اتحاد اور اسلامی بھائی چارے کو مزید فروغ دینے میں اہمیت کی حامل ہیں۔بیرسٹر محمد علی سیف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹیلی ویژن پشاور مرکز میں عالمی یوم شاعری کے موقع پر منعقدہ پاک افغان شعراء کے مشترکہ مشاعرے میں شرکت کے موقع پر کیا۔ مشاعرے میں افغانستان کے سات شعراء نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس موقع پر پشتو سمیت دری اور کہوار زبان میں بھی کلام پیش کیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے نامور شاعر اور ادبی شخصیت اباسین یوسفزئی نے مشاعرے کی میزبانی کے فرائض سر انجام دیئے۔اس موقع پر جنرل منیجر پاکستان ٹیلی ویژن پشاور سینٹر اورنگزیب آفریدی، سینئر پروڈیوسرز اور طلبہ کی بڑی بھی موجود تھی۔ مشاعرے کے اختتام پر معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے شعراء کو داد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی شاعری سے معاشرے کی اصلاح کر رہے ہیں اور سماج کے احساسات کو شعوری شکل دے کر بیان کرتے ہیں۔ آج کے اس مشاعرے نے دونوں ملکوں میں محبت، امن اور اخوت کا پیغام دیا جو کہ آنے والے وقتوں میں مزید پروان چڑھے گی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام ایک ہیں۔ ہمارا رہن سہن اور ثفافت ایک ہے۔ افغانستان کے عوام، شعراء، ادیبوں، فنکاروں اور گلوکاروں کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔ گزشتہ دنوں بھی 150 پاک افغان گلوکاروں و موسیقاروں نے مشترکہ پرفارمنس کا ریکارڈ بنایا تھا۔ بیرسٹر محمد علی سیف اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس طرح کے پروگرام آئندہ بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ افغانستان کے شعراء، فنکاروں اور گلوکاروں کو اپنے ہنر کے اظہار کا موقع مل سکے اور پاک افغان عوام بھی ایک دوسرے کے اور نزدیک آئیں اور ہمارا اتحاد، اتفاق اور محبت پروان چڑھے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے پی ٹی وی انتظامیہ کو اس پروگرام کے انعقاد پر سراہا اور تواتر کے ساتھ اس طرح کے پروگرموں کے انعقاد پر زور دیا۔