بھارتی گلوکارہ ترن کور مودی کے خلاف میدان میں آ گئی

ممبئی :معروف بھارتی گلوکارہ ترن کور بھی ہندو متعصب وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کے خلاف میدان میں آ گئی۔ ترن کور نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت کے خلاف بولنے اور مودی سرکار کے ظلم و ستم کا پردہ چاک کرنے پر اُنہیں بھارتی جنتا پارٹی کے سپورٹرز جان سے مارنے اور اُن کی عزت لُوٹنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ترن کور جو گائیکی کی دُنیا میں ہارڈ کور کے نام سے مشہور ہیں انہوں نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ ن لوگوں کی ذہنیت گندی ہے اور یہ گندگی کے علاوہ کچھ نہیں سوچ سکتے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کوللکارتے ہوئے کہا کہ اگر اُن میں ہمت ہے تو وہ سامنے آکر ان سے بات کریں اور چھپ کر انہیں مارنے کی دھمکیاں نہ دیں۔بھارتی گلوکارہ ترن کور سِکھ قوم سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ سِکھوں کے علیحدہ وطن خالصتان کی حامی ہیں اور کھُل کر بھارتی حکومت کی جانب سے سِکھوں پر ہونے والے مظالم ، زیادتیوں اور امتیازی سلوک کی بات کرتی ہیں۔ وہ کئی بار یہ کہہ چکی ہیں کہ خالصتان کے حصول کے بغیر سِکھ قوم اپنی الگ مذہبی اور سیاسی شناخت کو قائم نہیں رکھ سکتی۔ کیونکہ بھارت میں تمام سِکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو ہندو بنانے کے شر انگیز منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس لیے تمام مظلوم اقوام کو مِل کر بھارت سے آزادی حاصل کرنے کے لیے ایک مُٹھی ہونا پڑے گا۔