فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلوں گا،شرجیل خان

لاہور: قومی ٹیم کے اوپنر شرجیل خان کا کہنا ہے کہ وہ کلب کرکٹ کھیل کر فٹنس حاصل کریںگے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل خان کا کہنا تھا کہ چونکہ تیس ماہ سے کرکٹ نہیں کھیلی اس لئے فوری طور پر فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلوں گا۔ اس سے قبل سپاٹ فکسنگ کے جرم میں معطل اوپنر شرجیل خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور شائقین سے اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے پر معافی مانگ لی اور بورڈ نے انہیں کرکٹ میں واپسی کے لیے پروگرام ترتیب دینے پر اتفاق کرلیا۔پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق کرکٹر شرجیل خان سے ملاقات ہوئی اور مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے لیے راستہ ہموار کرنے پر ان سے اتفاق کیا گیا ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شرجیل خان پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن قواعد کی خلاف ورزی پر ڈھائی سال کی پابندی لگ چکی ہے اور اب اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رواں سال کے اختتام اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں واپسی سے قبل وہ پی سی بی کے سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن کی جانب سے ترتیب دیا گیا بحالی کا پروگرام مکمل کریں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ بحالی پروگرام میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت لیکچرز میں شرکت کریں گے اور لیکچرز دیں گے، اسکے علاوہ سماجی خدمات کے سلسلے میں غریب بچوں کے لیے قائم اداروں کا دورہ کریں گے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور معاون عہدیداروں کے ساتھ مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے۔یاد رہے کہ شرجیل خان کو پاکستان سپرلیگ 2017 ءکے افتتاحی میچ میں سپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔پی سی بی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس پابندی کے تحت شرجیل خان ڈھائی سال تک ہر طرز کی کرکٹ سے معطل رہیں گے اور انہیں زیر نگرانی رکھا جائے گا البتہ اس کے بعد پی سی بی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کچھ شرائط کی روشنی میں وہ اپنی پابندی کے خاتمے تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔