پاکستان میں 5 جی سروس کا کامیاب تجربہ

لاہور : چینی ٹیلی کام کمپنی زونگ نے پاکستان میں 5 جی سروس کا کامیاب تجربہ کر لیا، زونگ پاکستان میں 5 جی سروس کا تجربہ کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی، فائیو جی نیٹ ورک موجودہ موبائل انٹرنیٹ کنکشن سے 100 گنا جبکہ گھروں کے براڈ بینڈ کنکشن سے 10 گنا تیز ہوگا، پاکستان 5 جی سروس کا تجربہ کرنے والا پہلا جنوبی ایشیائی ملک بن گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہل سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ پاکستان میں چینی ٹیلی کام کمپنی زونگ نے 5 جی سروس کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ چینی موبائل کمپنی زونگ پاکستان میں 5G کا کامیاب تجربہ کرنے والی پہلی کمپنی ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق زونگ کی جانب سے 5 جی سروس کا تجربہ مستقبل میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔واضح رہے کہ 5 جی سروس کی آزمائشیں گزشتہ برس سے جاری ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 5 جی نیٹ ورک موجودہ موبائل انٹرنیٹ کنکشن سے 100 گنا جبکہ گھروں کے براڈ بینڈ کنکشن سے 10 گنا زیادہ تیز ہوگا۔ گزشتہ سال موبائل ورلڈ کانگریس میں سام سنگ نے فائیو جی ہوم روٹر کو پیش کیا تھا جس کی رفتار 4 گیگا بائٹس فی سیکنڈ تھی جس کی مدد سے پچاس جی بی کی فائل صرف دو منٹ جبکہ سو جی بی کی فلم چار منٹ میں ڈاون لوڈ کی جاسکتی ہے۔

پاکستان میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گزشتہ ماہ جولائی میں آزمائشی بنیادوں پر 5 جی لائسنس کے اجراء کیلئے سیلولر کمپنیوں سے درخواستیں طلب کرلی تھیں۔ پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں 5 جی سروسز کیلئے آزمائشی فریم ورک پہلے ہی تیار کیا جا چکا ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں کی درخواستیں جائزہ لینے کے بعد فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کو بھیجی جائیں گی جس کے بعد بورڈ آزمائشی بنیادوں پر چھ ماہ کیلئے اسپیکٹرم کا اجراء کرے گا۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ پاکستان میں 2014 میں تھری جی اور فور جی کے لائسنس کا اجراء کیا گیا تھا جس کے بعد بڑی تعداد میں صارفین نے اس کا استعمال شروع کیا۔ پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس وقت 4 کروڑ 40 لاکھ افراد 3 جی اور4 جی کی سروس استعمال کر رہے ہیں۔ جبکہ اب پاکستان جنوبی ایشیا میں 5 جی سروس کا کامیاب تجربہ کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔