قبائلی اضلاع میں ترقی کا عمل شروع ہو چکا ہے،شوکت یوسفزئی

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے منتخب نمائندوں اور سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ وہ صوبے کی تیز ترقی کیلئے آگے بڑھ کر حکومت کا ساتھ دیں اس کے علاوہ مقامی مینو فیکچررز اور پروڈیوسرز جنہوں نے ملک سے باہر سرمایہ کاری کی ہے ان کو بھی کی ترقی میں ساتھ دینے پر راضی کریں خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور صوبے کی پائیدار ترقی پر اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے

وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت، آئل اینڈ گیس اور معدنی دریافت کے علاوہ ہائیڈل اور سولر انرجی کی پیداوار میں کسی سے پیچھے نہیں ہے اور دہشت گردی کے خاتمہ اور سی پیک سے یہ مواقع کئی گنا بڑھ گئے ہیں اس لئے سرمایہ کاروں کو اس سے مکمل فائدہ اٹھانا چاہئے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ اپنے بچپن سے سنتے آ رہے تھے کہ سوات پاکستان کا سو ئزرلینڈ ہے لیکن جب انہوں نے یورپ کا دورہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ ملک کا یہ حصہ (سوات )دنیا کہ کسی ملک سے بہت زیادہ خوبصورت ہے اور سیاحت کے کئی گنا زیادہ مواقع یہاں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب جب کہ صوبے میں امن مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے ا ور دہشت گردی ختم ہو گئی ہے یہاں سرمایہ کاری کرنے کا اچھا موقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف صوبے میں بے شمار روڈ نٹ ورکس پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس میں زیادہ ترتر مکمل ہو چکا ہے یا تکمیل کے قریب ہے جس کی وجہ سے یہ سیاحتی مقامات قابل رسائی بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شانگلہ اور سوات میں اراضی کی قیمتوں میں پہلے ہی اضافہ ہو چکا ہے او سی پیک سڑکوں اور مواصلاتی نٹ ورک کے فروغ سے اس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے یہی وجہ ہے کہ جو کوئی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر سرمایہ کاری کرے کیونکہ یہاں اراضی کی قیمتیں وقت کیساتھ ساتھ مزید بڑھیں گی۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ حال ہی میں صوبے میں انضمام شدہ اضلاع میں کئی مواقع موجود ہیں کیونکہ یہاں ترقی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور آئل اینڈ گیس، معدنیات اور سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں کا فی مواقع یہاں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو پاور پیداور کے علاوہ یہاں صوبے میں سولر اور ہوا سے توانائی پیدا کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔سیمینار میں خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاوہ صوبے کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریرز، سرمایہ کاروں صنعت کاروں اور کاروباری افراد نے شرکت کی جبکہ سیمنیار سے وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی عبد الکریم خان ، وزیر اعلیٰ کے مشیر حمایت اللہ خان ، سینیٹر نعمان وزیر ، اسلام آباد بیسڈ جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک، سیکرٹری انڈسٹریز خیبر پختونخوا ، کمشنر آر ٹی آئی خیبر پختونخوا ریاض خان دائودزئی، چیئر مین بی او آئی خیبر پختونخوااور کئی دیگرز نے خطاب کیا۔