بل گیٹس کا پولیو کے خاتمے پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد :مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے پولیو کے کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔خط میں بل گیٹس نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں کی جانے والی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پولیو کو ختم کرنے کے لیے والدین کے ذہنوں سے شکوک وشہبات نکالنا بہت ضروری ہے۔حفاظتی ٹیکاجات ای پی آئی پروگرام پر حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔بل گیٹس نے خط میں پولیو کے علاوہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور احساس پروگرام کی بھی تعریف کی۔بل گیٹس نے ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔خیال رہے کہ سال 2015ء میں بھی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے پولیو کے خلاف مہم میں دلچسپی لینے پر عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف مہم میں آپ کا عزم حوصلہ افزا ہے، صحت کا اتحاد مہم، حکومت اور فوج کا مل کر کام کرنا انتہائی خوش آئند ہے. خط میں جہانگیر ترین کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔جب کہ گذشتہ سال دسمبر میں بھی وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابط ہوا ۔ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان 30منٹ تک ٹیلی فون پر گفتگو ہوتی رہی۔اس دوران وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر عطا بھی موجود تھے۔بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو الیکشن جیتنے اور منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی۔ انہوں نے پولیو کی خاتمے میں کی جانے والی کوششوں پر وزیراعظم عمران خان کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔۔بل گیٹس کی جانب سے مخلتف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔وزیراعظمعمران خان نے بل گیٹس کا سماجی شعبے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔