قبا ئلی اضلاع میں ریسکیو 1122کی خدمات شروع

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے ریسکیو 1122 کو قبائلی اضلاع میں اپنی سروسز شروع کرنے کے احکامات جاری کردیے۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری مراسلے میں ڈی جی ریسکیو 1122 کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع خیبر کی عوام کو 24 گھنٹے سروس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔دوسری جانب قبائلی ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر کو مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع میں ریسکیو 1122 کے قیام کیلئے جمرود اور باڑہ میں عمارات تیار ہیں جو جلد از جلد محکمے کے حوالے کی جائیں۔

خیبر پختونخوا حکومت نے ریسکیو1122کے دفاتر کوصوبے میں ضم ہونے والے نئے اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا تھا صوبائی حکومت نے ضم ہونے والے اضلاع میں 15ہزار بھرتیوں کے لئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں پہلے سے ہی کمیٹی تشکیل دی تھی فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں انضمام کے بعد ریسکیو 1122 کونئے اضلاع تک توسیع دینے کیلئے سروے ٹیموں نے ضلع خیبر، باجوڑ، مہمند اور اورکزئی سمیت دیگر اضلاع کے دورے کئے

ڈ ائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کے مطابق قبائلی اضلاع تک رسائی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے نئے اضلاع میں ریسکیو1122 کی رسائی سے قدرتی آفات، دہشت گردی کے واقعات، روڈ حادثات، اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ریسکیو 1122 بطور ایمرجنسی فورس کے طور پر خدمات سر انجام دے گی۔