جنوبی اضلاع سے پولیو کے کیس سامنے آنا باعث تشویش ہے، چیف سیکرٹری

پشاور: چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد سلیم خان نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت پولیو سے ہار ماننے والے نہیں تمام متعلقہ سرکاری محکمے اور معاون ادارے انتظامیہ کے فعال تعاون سے ایک جامع حکمت عملی کے تحت انسداد پولیو کی مربوط کاوشیں کررہے ہیں اورتمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومت خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ میں پرعزم ہے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسداد پولیو کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے دورہ کے دوران ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

اجلاس میں محکمہ صحت ، ای پی آئی، معاون اداروں اور تنظیموں کے حکام اور نمائندوں نے شرکت کی، اس سے قبل ای او سی پہنچنے پرکوآرڈینیٹر کیپٹن (ر)کامران احمد آفریدی نے ان کا خیرمقدم کیا اور انہیں صوبہ خیبرپختونخوا اور اس میں ضم ہونے والے سابقہ قبائلی اضلاع میں انسداد پولیو کے لئے کی جانے والی کاوشوں،ان کی راہ میں درپیش چیلنجز اوران سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی پر تفصیل سے بریفنگ دی ای او سی کوآرڈینیٹر نے چیف سیکرٹری کو26اگست سے صوبہ میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات اور تیاریوں سے آگاہ کیاانہوں نے کہا کہ یہ صوبہ کے کسی چیف سیکرٹری کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا پہلا دورہ ہے جو صوبہ کے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے عزم کی عکاسی ہے اس موقع پر چیف سیکرٹری محمد سلیم خان نے کہا کہ سال رواں کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں بالخصوص جنوبی اضلاع سے پولیو کے کیس سامنے آنا باعث تشویش ہے تاہم ہم کسی صورت پولیو سے ہار ماننے والے نہیںایمرجنسی آپریشن سنٹر کے زیراہتمام تمام متعلقہ سرکاری محکمے اور معاون ادارے ایک جامع حکمت عملی کے تحت مربوط کاشیں کررہے ہیں جن کی کامیابی کے لئے انہوں نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی ہدایات جاری کی ہیں انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی راہ میں حائل تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومت خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ میں پرعزم ہے، چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لئے ناگزیر ہے اور پولیو کے خاتمہ کے لئے احتساب اور جوابدہی کا ایک موثر نظام وضع کیا گیا ہے اور اس ضمن میں غفلت اور کوتاہی برتنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص والدین پر زور دیا کہ وہ شرپسند عناصر کے کسی گمراہ کن پراپیگنڈے میں نہ آئیں اور انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلاکر اپنی قومی ذمہ داری نبھائیں۔