ورلڈ کپ ٹرافی تھوڑی دیر بعد ملے گی،حسن علی

دبئی: قومی کرکٹر حسن علی اور بھارتی دوشیزہ سامعہ خان کے نکاح کی رسم انجام پا گئی، نکاح کی تقریب کا انعقاد دبئی میں ہوا، تقریب میں بڑی تعداد میں دلہا اور دلہن دونوں کے دوست احباب نے شرکت کی۔نکاح سے قبل میڈیا سے گفگتو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ورلڈ کپ فائنل کھیل رہا ہوں اور ٹرافی تھوڑی دیر بعد ملے گی۔سٹار کرکٹر نے کہا کہ آپ میرے چہرے پر دیکھ سکتے ہیں کہ میں کتنا گھبرا یا ہوا ہوں، یہ ایک چیلنج ہے، پہلی دفعہ اپنی بیوی کے والدین سے ملنا ہے ۔ نا جانے وہ میرے بارے میں کیا سوچیں گے اور کیا نہیں، یہ بہت عجیب سے لمحات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جا کر دوبارہ شادی کی تقریب منعقد کروں گا۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر حسن علی رشتہ ازدواج میں بندھ گئے ہیں۔

حسن علی نے بھارت سے تعلق رکھنے والی دوشیزہ سامعہ خان سے نکاح کر لیا ہے۔ حسن علی اور سامعہ خان کے نکاح کی تقریب کا انعقاد دبئی میں کیا گیا۔ نکاح کی تقریب میں حسن علی اور سامعہ خان کے قریبی عزیزوں اور دوستوں نے شرکت کی۔ نکاح کی تقریب میں حسن علی کے دوست قومی کرکٹر شاداب خان سمیت دیگر قومی کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔اس سے قبل حسن علی نے گزشتہ روز بھارت سے تعلق رکھنے والی اپنی ہونے والی اہلیہ کی تصویر جاری کی تھی۔ حسن علی نے نکاح سے قبل اپنی اہلیہ کے ساتھ خصوصی فوٹو شوٹ بھی کروایا۔ نکاح کے بعد بتایا گیا ہے کہ رخصتی نکاح کے تین ماہ بعد ہوگی۔ واضح رہے کہ حسن علی نے 2اگست کو بھارتی لڑکی سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی ہونے والی دلہن کا نام سامعہ بتایا تھا۔