قبائلی اضلاع میں بھی بہت جلد پناہ گاہیں قائم کرلی جائیں گی،محمود خان

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست قائم کرنے کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہے جس کے تحت بے گھر اور بے سہارا افراد کیلئے ایبٹ آباد ، ڈی آئی خان اور سوات میں تین مزید پناہ گاہ قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ بنوں ، مردان، کوہاٹ، قبائلی ضلع جنوبی وزیر ستان (وانا) اور ضلع خیبر میں بھی بہت جلد پناہ گاہیں قائم کرلی جائیں گی ۔ سماجی فلاح و بہبود کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر بریفینگ دیتے ہوئے سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ اب تک 17914 بے گھر افراد کو پناگاہوں میں سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ سینئر سٹیزن کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جس کے تحت 2.8 ملین سینئر سٹیزنز میں سے 0.785 ملین سینئر سٹیزن کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سینئر سٹیزن کارڈ کے ذریعے صوبے بھر کے سینئر سٹیزنز کو پورے صوبے میں اور خصوصی طور پر بی آر ٹی میں مفت سفری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بے گھراور نادار افراد کو پناہ گاہوں میں تمام ترسہولیات دی جائیں گی جو کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ریاست مدینہ کے قیام کی طرف ایک اہم کامیابی ہے۔