پاکستان کا عالمی کشیدگی کے تناظر میں اقوام متحدہ کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور

نیو یارک:پاکستان نے بڑھتی عالمی کشیدگی کے پیش نظر میں امن کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم نےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو نئے عالمی تناؤ، نئے اور پرانے تنازعات کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کی تازہ دوڑ کا سامنا ہے اور اس وقت اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ عالمی ادارہ امن کی بحالی کیسے کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اقوام متحدہ نہ صرف مسائل پر بحث و مباحثے کے لیے ضروری ہے بلکہ انسانیت کے ضمیر کی ترجمانی کرنے کے لیے اور ان ہالز میں کہے جانے والے الفاظ کو ٹھوس فیصلوں اور اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستانی مندوب نے 193 رکنی اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد کی 76ویں سیشن کے بقیہ حصے کے لیے ترجیحات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں یہی بامعنی اصلاحات ہوں گی اور جنرل اسمبلی میں ہونے والی بحث کو حقیقی دنیا سے الگ نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم آج ایک ایسی دنیا کا مشاہدہ کر رہے ہیں جہاں عالمی تناؤ بشمول بڑی طاقتوں کے درمیان دوبارہ سر اٹھا رہا ہے اور نئے اور پرانے تنازعات بہت زیادہ ہیں اور ہتھیاروں کی ایک نئی دوڑ جاری ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں آب وہوا کی تبدیلوں کی روک تھام کے لئے ترقی پزیر ممالک کی امداد کے لئے ما لی وسائل پیدا کرنے اور کورونا وبائ کی روک تھام کے لئے تمام ترقی پذیر ممالک کو یکساں اور مساوی بنیادوں پر ویکسین کی فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ قبل ازیں اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہ نے اپنے خطاب میں ادارہ کو مزید فعال بنانے کی ضورورت واہمیت پر بھی زور دیا ۔