بابراعظم آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے کپتان مقرر

لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے ناموں کا اعلان کردیا، بابراعظم کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ فخر زمان بھی ٹیم میں شامل ہیں تاہم کوئی بھی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ پال سٹرلنگ (آئرلینڈ) اور جانیمن مالان(جنوبی افریقہ) کو بطور اوپنر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بابراعظم کو اس ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے ،انہوں نے2021ء میں صرف 6 میچ کھیلنے کے باوجود2 سنچریوں کی مدد سے 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے۔پاکستانی کپتان نے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے مشکل دوروں میں اہم کردار ادا کیا، جس کے اختتام پر انہیں ​​دونوں فتوحات میں پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔ فخر زمان بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں جنہوں نے سال 2021ء میں پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے لیے اپنی شاندار فارم جاری رکھی۔انہوں نے 6 میچ کھیل کر 2 سنچریوں کی مدد سے 60.83 کی اوسط سے 365 رنز بنائے۔انہوں نے ایک سنچری جنوبی افریقہ کے خلاف ایسے حالات میں سکور کی جو بہت عرصہ یاد رکھی جائے گی ۔ انہوں نے جوہانسبرگ میں 342 کے تعاقب میں 193 رنز بنائے اور پاکستانی کو تقریبا کامیابی دلا ہی دی تھی ۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں راسی وین ڈیر ڈوسن (جنوبی افریقہ)، شکیب الحسن (بنگلہ دیش)، مشفیق الرحیم (وکٹ کیپر) (بنگلہ دیش) ،وینندو ہاسارنگا (سری لنکا)، مستفیض الرحمان (بنگلہ دیش)، سمی سنگھ (آئرلینڈ) دشمنتھا چمیرا (سری لنکا) شامل ہیں ۔