انڈر 21 خواتین گیمز میں سوات بھرپور شرکت کرے گا، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان

پشاور:انڈر 21 گیمز کے لئے سوات خواتین کھلاڑیوں کے کیمپ مختلف مقامات پر جاری ہیں جس کے لئے اعلی کوالیفائیڈ کوچز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو کھلاڑیوں کو جدید طریقوں سے تربیت دے رہے ہیں۔ ریجنل سپورٹس آفیسرسوات کاشف فرحان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سوات کے کھلاڑیوں نے مردوں کے انڈر 21 مقابلوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے صوبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اسی سلسلے کو برقرار رکھنے کے لئے خواتین کھلاڑیوں کی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان اور ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی تعاون اور رہنمائی کر رہے ہیں۔ اتھلیٹکس کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں شروع ہوگیا ہے کرکٹ، والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، فٹ بال اور رسہ کشی کیمپ سوات کے مختلف مقامات پر جاری ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سوات کی کھلاڑی گیمز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی جبکہ نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔