خیبرپختونخوا سے ملکی گیس کا 12 سے 13 فیصد پیدا ہوتا ہے، حماد اظہر

اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے ملکی گیس کا 12 سے 13 فیصد پیدا ہوتا ہے، کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں طلب اور رسد میں فرق کے باعث سی این جی کو گیس کی سپلائی معطل کرکے گھریلو صارفین کو فراہم کی جاتی ہے، خیبرپختونخوا میں موسم سرما میں 350 ملین مکعب کیوبک فٹ یومیہ گیس کی ڈیمانڈ ہے۔قومی اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے رکن امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں گھریلو صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ آرٹیکل 158 کے تحت جس علاقے میں گیس نکلتی ہے ان کو گیس کی فراہمی ضروری ہے، اس پر عمل کیا جائے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے، اس کے جواب میں حماد اظہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے پاکستان کی گیس کا 12 سے 13 فیصد پیدا ہو رہا ہے، پورے ملک میں گیس کی کل ضرورت 4 ہزار 45 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2300 صنعتوں کو یہاں گیس فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 1870 کو بلاتعطل یہ فراہمی جاری ہے جبکہ اپنی ضرورت کے لئے گیس سے بجلی پیدا کرنے والی صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی کو بند کرکے گھریلو صارفین کو گیس دی جاتی ہے۔ خیبرپختونخوا میں ڈیمانڈ اور سپلائی کا مسئلہ نہیں۔