افغان سرحد سے آنے والے ایک لاکھ سے زائد افغان باشندوں کو ویکسین لگائی گئی، بین الوزارتی کوآرڈینیشن سیل

اسلام آباد:پاکستان نے نومبر 2021 سے اب تک افغان سرحدوں سے آنے والے ایک لاکھ سے زائد افراد کو کوویڈ۔ 19 کے وائرس سے بچائوکی ویکسین موثر طریقے سے لگائی ہے۔یہ بات قومی سلامتی کے مشیر اور بین الوزارتی کوآرڈینیشن سیل (اے آئی سی سی) کے کنوینر ڈاکٹر معید یوسف کی زیر صدارت افغان بین وزارتی رابطہ سیل (اے آئی سی سی) کے اجلاس کے دوران بتائی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ افغان انسانی امدادی پیکج کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ طورخم اور چمن بارڈر کراسنگ پر بالترتیب 51,609 اور 55,014 افراد کو حفاظتی ویلسین لگائی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے اس مقصد کے لیے کوویڈ۔19 ویکسین کی 5 لاکھ سے زیادہ خوراکیں فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔