افغانستان کی موجودہ صورت حال پر پوری دنیا کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، اسد قیصر

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال پر پوری دنیا کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے انعقاد سے افغانستان کی موجودہ صورتحال کی جانب دنیا کی توجہ مبذول ہوئی ہے ۔ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی طاہر اشرفی کی جانب سے اسلامی ممالک کے سفراء کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اراکین پارلیمنٹ پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر سمیت دیگر اسلامی ممالک کے سفراء نے شرکت کی ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے او آئی سی کے کامیاب انعقاد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کی وزارت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال پر حکومت اور پارلیمان موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔او آئی سی کے اجلاس میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی بڑی تعداد میں شرکت قابل ستائش ہے۔او آئی سی کے اجلاس میں افغانستان کی عوام کو درپیش مشکلات کو مؤثر انداز میں اٹھایا گیا۔اسلامی ممالک کے طرف سے افغان عوام کے لیے مشکل وقت میں امداد کا اعلان قابل ستائش ہے۔او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس افغانستان میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔برادر اسلامی ممالک کے سفراء کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام خوش آئند اقدام ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی اجلاس کے انعقاد میں تعاون پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے عملے نے او آئی سی کانفرنس میں قابل ستائش خدمات سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کی میزبانی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔وزرائے خارجہ کی او آئی سی کانفرنس میں شرکت پر تمام برادر اسلامی ممالک کا مشکور ہوں۔حافظ طاہر اشرفی کی جانب او آئی سی ممبر ممالک کے سفراء کے اعزاز میں استقبالیہ قابل تحسین ہے۔