پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی و تاریخی رشتے قائم ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے قائم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون سے وقت کی ضرورت ہے، یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے آذر بائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت فلم، ڈرامہ، میوزک اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ مل کر ظہیر الدین بابر پر ایک فلم تیار کی جا رہی ہے، ہم آذربائیجان کے ساتھ بھی فلم اور ڈرامہ کی صنعت میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کا ترجمہ کر کے آذربائیجان کے عوام کو پیش کیا جاسکتا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لئے خوبصورت اور پرکشش ملک ہے، آذر بائیجان کے عوام، فلم ساز اور ڈرامہ نگار پاکستان کے سیاحتی مقامات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پوری دنیا کو فیک نیوز کا چیلنج درپیش ہے، اس ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میڈیا کے شعبوں میں تعاون بالخصوص پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی، وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ اور آذربائیجان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے درمیان خبروں اور معلومات کے تبادلہ سے فیک نیوز کا خاتمہ ممکن ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان نے ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کیا بلکہ سمارٹ لاک ڈائون پالیسی اختیار کرتے ہوئے ملکی معیشت کو بھی مستحکم بنایا۔ آج پوری دنیا وزیراعظم عمران خان کے ان اقدامات کی معترف ہے۔آذربائیجان کے سفیر نے حکومت پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی میڈیا نے بھی وزیراعظم عمران خان کے اقدامات اور سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کی مثالیں دنیا کے سامنے پیش کیں۔ انہوں نے افغانستان کے بارے میں پر او آئی سی وزرا خارجہ کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ خضر فرہادوف نے کہا کہ افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کو آپس میں منسلک کرنے کے لئے پاکستان اور آذربائیجان مل کر کام کرنے کیلئے پرامید ہیں۔