قبا ئلی ضلع کرم میں 8 سال بعد انٹرنیٹ کی سروسز بحال

اسلام آباد:ضلع کرم میں 8 سال بعد انٹرنیٹ کی سروسز بحال کر دی گئیں۔ سابق فاٹا کے 7 میں سے 6 اضلاع میں ڈیٹا سروسز بحال کر دی گئی ہیں جس سے عوام کو تعلیم، صحت، تجارت اور مواصلات میں سہولت ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں حکومت پاکستان نے اپنے وژن کے مطابق ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق متعلقہ فورمز کی جانب سے سیکیورٹی کی صورت حال کے جائزے کے بعد ضلع کرم میں بھی ڈیٹا سروسز بحال کردی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ حکام کی جانب سے سابق فاٹا کے 7 اضلاع میں سے چھ 6 اضلاع میں ڈیٹا سروسز بحال کر دی گئی ہیں۔ ضلع کرم میں انٹرنیٹ سروسز کی بحالی سے اہلیان علاقہ کو جہاں تعلیم، صحت، اور تجارت کے شعبوں میں سہولیات مہیا ہوں گی وہاں مواصلات سے وابستہ ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔