ملک کے خفیہ ادارے کاایجنٹ ہوں،حمزہ علی عباسی

لاہور :مکار انڈیا کے پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے سبھی ادارے پاکستان کے خلاف زہر اگلنے اور کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دینے پر تلے ہوئے ہیں۔انڈیا پر اس وقت سب سے زیادہ خوف پاکستان آرمی اور آئی ایس آئی کا ہے۔اس لیے جب بھی ایسا موقعہ آتا ہے تو انڈین میڈیا اور دیگر ادارے آئی ایس آئی پر الزام لگانے اور لوگوں کو اس کا ایجنٹ قرار دینے پر زور لگاتے ہیں۔اب کی بار بھی انہوں نے کچھ ایسا ہی کیا ہے۔پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر بھارتی ٹی وی چینل ’ریپبلک‘ کی جانب سے ایک پروگرام میں پاکستانی حکومت، وزیروں، سیاستدانوں اور شوبز شخصیات کے حوالے سے من گھڑت دعوے کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی حمایت کرنے والوں کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ قرار دیا گیا۔بھارتی ٹی وی نے جن پاکستانی شخصیات کو خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ قرار دیا، ان میں اداکار حمزہ علی عباسی بھی شامل تھے، جنہوں نے ’ریپبلک‘ ٹی وی کے پروگرام کے اسکرین شاٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے۔حمزہ علی عباسی نے پروگرام کے میزبان کو جھوٹ پھیلانے والا شخص قرار دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو بھی غلط افواہیں پھیلانے کا ٹھیکیدار قرار دیا۔حمزہ علی عباسی نے پروگرام میں کیے گئے دعوؤں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ پاکستان کے خفیہ ادارے انٹر سروس انٹیلی جنس‘ (آئی ایس آئی) کے خفیہ ایجنٹ نہیں بلکہ واضح طور پر ایجنٹ ہیں‘۔حمزہ علی عباسی نے واضح کیا کہ ’انہیں فخر ہے کہ وہ ملک کے خفیہ ادارے کے ایجنٹ ہیں‘پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ جس طرح 20 کروڑ پاکستانی آئی ایس آئی کے ایجنٹ ہیں، وہ بھی اسی طرح اپنے ملک کے محافظ ادارے کے ایجنٹ ہیں۔