ورلڈ کپ 92ءمیں نیوزی لینڈ جان بوجھ کر پاکستان سے ہارا تھا،باسط علی

لاہور:سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے سے روکنے کیلئے بھارت بنگلہ دیش اور سری لنکا کیخلاف اچھی کارکردگی نہیں دکھائے گا اور میچ ہار جائے گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے باسط علی نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک ٹورنامنٹ میں اپنے پانچ میچ کھیلے ہیں اور وہ کبھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچے۔بھارت کے بقیہ میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کیخلاف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت سری لنکا اور بنگلہ دیش کیخلاف ایسا میچ کھیلے گا کہ واردات کا پتہ ہی نہیں چلے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 92ءمیں نیوزی لینڈ جان بوجھ کر پاکستان سے ہارا تھا تاکہ وہ اپنا سیمی فائنل اپنے ملک میں کھیلیں۔یاد رہے کہ پاکستان کا ورلڈ کپ میں آغاز انتہائی برا رہا تھا اور اسے اپنے پہلے پانچ مقابلوں میں سے محض ایک میچ میں کامیابی ملی تھی جب اس نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ انگلینڈ کو شکست دی تھی ،سری لنکا کے خلاف پاکستان کا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جب کہ گرین شرٹس کو بھارت، ویسٹ انڈیز اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم پھر پاکستان نے پہلے گزشتہ اتوار کو جنوبی افریقہ کو شکست دی جبکہ بدھ کو اس نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں ۔