پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 29 فیصد کی نمایاں کمی

اسلام آباد : رواں مالی سال 2019-20ءکے پہلے مہینے جولائی کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 29 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت2020ءتک ملک کے تجارتی خسارہ میں27.476 ارب ڈالر کمی کےلئے پرعزم ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2019ءکے دوران تجارتی خسارہ میں28.84 فیصد کی کمی سے تجارتی خسارہ2.27 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ جولائی2018ءکے دوران تجارتی خسارہ کا حجم 3.19 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال2018-19ءکے دوران پاکستان کے تجارتی خسارہ میں15.33 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ وفاقی حکومت نے غیر ضروری اور پرتعیش اشیاءکی درآمدات کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے متعدد اقدامات کئے ہیں جن کے نتیجہ میں تجارتی خسارہ31.82 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ مالی سال 2017-18ءکےلئے37.58 ارب روپے کا تجارتی خسارہ ہوا تھا ۔