سونے کی قیمت میں اضافہ

کراچی: انٹر بینک میں ایک بار پھر ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔آج کے روز امریکی ڈالر کی قیمت میں 41 پیسے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ جس کے بعد گزشتہ روز کی قیمت 158.54 کے مقابلے میں 158.95 پر فروخت ہو رہا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں امارتی درہم 42.70، یورو 175.50 روپے ، سعودی ریال 41.70 روپے ، یوکے پاوٴنڈ 191.00 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 80 پیسے اضافے کے بعد 159.50 روپے ہو گئی تھی۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 158.50 روپے میں خریدا اور 159.50 روپے میں بیچا گیا۔ڈالر کی قیمتوں میں آج ہونے والے اضافے کے بعد سونے کی قیمت بھی مُلکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 88 ہزار 300 روپے جبکہ دس گرام کی قیمت 815 روپے اضافے کے بعد 75 ہزار 703 روپے ہو گئی ہے۔صرافہ مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 16 ڈالرکا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 1514 ڈالر ہو گئی ہے۔ اس مہنگائی کے اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 روپے اضافہ ہوا تھا جس کے بعد اس کی فی تولہ قیمت 87 ہزار 350 روپے ہو گئی تھی۔مگر آج کے اضافے کے بعد اس وقت سونا تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔