آئی آر ڈی وزیراعظم کے وژن اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے عملی شکل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد:وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی امور اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آئی آر ڈی وزیراعظم کے وژن، امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کے حوالے سے عملی شکل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقبال انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ (آئی آر ڈی) کے دورے کے موقع پر کیا۔انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی آر ڈی ڈاکٹر حسن الامین سے ملاقات بھی کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لئے خدمات پر آئی آر ڈی کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ آئی آر ڈی وزیراعظم کے وژن، امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کے حوالے سے عملی شکل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،یہ ادارہ انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور تکثیریت جیسے شعبوں پر بالخصوص زور دینے کے ساتھ عصری اسلامی افکار کے مطالعہ کے لیے بین الضابطہ نقطہ نظر کے عالمی مرکز کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔