وزیرستان کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کرنا اور لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،محمد اقبال وزیر

شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری محمد اقبال وزیر نے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ میں بڑی کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سمیت تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان و نمائندے موجود تھے جبکہ کھلی کچہری میں شریک مقامی عمائدینِ علاقہ اور عام شہریوں نے صوبائی وزیر کی موجودگی میں انتظامیہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر شمالی وزیرستان میں منعقد کی جانے والی کھلی کچہری میں دہشتگردی سے متاثرہ گھروں اور املاک کی بحالی کے لیے شہریوں کو معاوضوں کی ادائیگی اور رہ جانے والے گھروں و املاک کے لیے سروے کے حوالے سے اقبال وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت زیادہ تر متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کر چکی ہے جبکہ باقی رہ جانے والے شہریوں کو بھی جلد ادائیگی کر دی جائے گی۔کھلی کچہری میں وزیرستان کے رہائشیوں نے شوال اور رزمک کو سیاحتی مقام کے طور فروغ دینے کا مطالبہ کیا تاکہ اس سے لوگوں کو نہ صرف تفریح کے مواقع میسر آئیں بلکہ وہاں کاروباری سرگرمیوں کو بھی دوام حاصل ہو۔ اس پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے بھر میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیرستان کے پر فضا اور قدرتی حسن سے مالامال علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کے آغاز سے نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر مثبت پیغام جائے گا۔لوگوں کی طرف پانی فراہمی کے مسائل سے آگاہ کرنے پر اقبال وزیر نے پانی فراہمی کی سکیموں اور ٹیوب ویلوں کی مرمت اور بحالی کے لیے متعلقہ محکموں کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔ اسی طرح کھلی کچہری میں محکمہ صحت صحت اور تعلیم اور محکمہ پولیس سے متعلق شہریوں کی شکایات دور کرنے کے لیے صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔اقبال وزیر کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع ہیں جو کہ علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا اور اس کے اسٹیشنز اور آپریشن ایریا کو مزید علاقوں تک وسعت دینے کا اعلان کیا۔اس موقع پر علاقہ عمائدین، مشران اور عام شہریوں نے صوبائی وزیر ریلیف کا کھلی کچہری کے انعقاد اور اور ان کے مسائل سننے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترقی سے محروم علاقوں کی طرف توجہ دینا خوش آئند ہے۔