پاکستان کے ماحول دوست اقدامات کا عالمی سطح پرپذیرائی

اسلام آباد:سول سوسائٹی کولیشن برائے موسمیاتی تبدیلی نے انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز، فرانسیسی سفارت خانہ اور ایس ڈی پی آئی کے تعاون سے گلاسکو کلائیمیٹ چینج کانفرنس(سی او پی۔ 26 )کے انعقاد کے بعدوسیع تر تبادلہ خیال کے لیے مباحثہ کا اہتمام کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے گلاسگو کلائمیٹ پیکٹ 2021 کی کامیابیوں اور خامیوں کو اجاگر کیا ۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برا ئے موسمیاتی تبدیلی نے شرکا کو مقرر کردہ اہداف کی تازہ ترین صورت حا ل سے آگاہ کیا ۔انہوں نے پاکستان کی شجرکاری مہم اور موسمیاتی مصارف میں مالیات کے بہترین استعمال پر عالمی برادری کی پذیرائی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اٹلی کے سفیر فیریرس ا یندریاس نے آب وہواکی تبدیلیوں کی روک تھام کے لئے بات چیت جاری رکھنے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت کے عزم کا اعادہ کیا۔مباحثے کی ماڈریٹر عائشہ خان (سی ایس سی سی سی) نے نئی سمت متعین کرنے والے سوالات اجاگر کئے ۔ فرانس کے سفارتخانے سے من ویلے ویس نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں بارے مذاکرات پیچیدہ مسائل کو حل کرتے ہیں اور اس لیے اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو کامیابی کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید نے پارلیمنٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں پر بحث میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کا عزم کیا اور یقین دلایا کہ بینک ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے، ہوا کے معیار کو بہتر بنانے اور ہائیڈرو سولیڈیریٹی کے لیے مدد فراہم کرے گا۔ایس ڈی پی آئی سے ڈاکٹر عابد سلہری نے خوراک کے تحفظ کو ملک کی اولین ترجیح قرار دیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے سربراہ سفیر ندیم ریاض نے اپنے افتتاحی خطاب میں ان مسائل کا خلاصہ پیش کیا جو سی او پی 26 میں حل ہونے کی توقع ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیاکہ غیر حل شدہ مسائل کے سی او پی 27 میں کامیاب نتائج حاصل ہوں گے۔مباحثے کے اختتامی کلمات میں ریٹائرڈ سفیر شفقت کاکا خیل نے موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لئے منصفانہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے پاکستان کاقومی موافقت کا منصوبہ جلد از جلد تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس تقریب میں شراکت داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے پینلسٹ کے ساتھ ایک بھرپورمکالمہ کیا اور منتظمین کی کا وشوں کو سراہا