کیڈٹ کالج کوہاٹ میں تعلیم حاصل کرنا طلباء کیلئے باعث فخر ہے، گورنر شاہ فرمان

پشاور: گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہاہے کہ صوبے میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں کیڈٹ کالج کوہاٹ سمیت تمام کیڈٹ کالجز کی خدمات و کردار قابل ستائش ہے۔ آج کیڈٹ کالج کوہاٹ میں زیرتعلیم طلباء کے چہروں پر انتہائی اعتماد واطمینان دیکھ کردلی خوشی ہورہی ہے کیونکہ یہی اعتماد واطمینان نوجوانوں کے بہترین روشن مستقبل کاثبوت ہے، یہ بات انہوں نے منگل کے روز کیڈٹ کالج کوہاٹ میں یوم والدین کی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔کیڈٹ کالج پہنچنے پر گورنرکا شاندار استقبال کیاگیا اورکیڈٹس کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔تقریب میں کیڈٹس نے پریڈ، گھڑ سواری اور جمناسٹک کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخواشاہ فرمان نے میٹرک اورانٹرمیڈیٹ امتحانات، نصابی و غیرنصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنیوالے کیڈٹس میں گولڈمیڈلز، ٹرافی اوردیگرانعامات تقسیم کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرشاہ فرمان کا کہناتھاکہ کیڈٹ کالج کوہاٹ میں تعلیم حاصل کرناطلباء کیلئے باعث فخرہے اور مجھے یہ جان کرخوشی ہوئی ہے کہ مذکورہ کالج سے فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء سول و عسکری اداروں میں اعلی عہدوں پر ملک و قوم کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان ملک و قوم کا اثاثہ ہیں اورحکومت ان کے بہترین مستقبل کیلئے کوشاں ہیں۔گورنرنے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ واحد اسلامی نیوکلیئر ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان دنیا سے برداشت نہیں ہو رہا، ملک کو عدم استحکام کرنیکی سازشوں کو ناکام بنانے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ملک غریب ملک نہیں ہے، اللہ نے ہماری زمین کو بے تحاشا قیمتی خزانوں سے نوازا ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کیڈٹ کالج کوہاٹ بریگیڈئر(ر) محمد طفیل نے کالج کی مجموعی کارکردگی اور تعلیمی معیار پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں کیڈٹس کے والدین، سول وعسکری حکام اور فیکلٹی اراکین بھی موجودتھے۔