ٹورڈی وزیرستان سائیکل ریس کادوسرا مرحلہ بلوچستان کے عبدالواحد نے جیت لیا

پشاور:ٹوور ڈی وزیرستان سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے عبدالواحد نے جیت لیا۔ دوسرا مرحلہ ٹانک سے گومل زام ڈیم تک منعقد ہوا تھا۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی ، کمشنر ڈیرہ،خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن ، پاک فوج ، ایف سی جنوبی وزیرستان کے باہمی اشتراک سے منعقدہ پہلی کمشنر ٹوور ڈی وزیرستان سائیکل ریس کے دوسرے مرحلے کا آغاز پاک فوج کے کرنل شیر عالم خان نے ٹانک کے مقام پر فیتہ کاٹ کے کیا۔اس موقع پر انکے ہمراہ کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے عہدیداران،پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن، خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کے عہدیداران موجود تھے۔ٹانک سے شروع ہونی ریس 74 کلومیٹر ٹریک پر مشتمل تھی ۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ٹانک میں روایتی رقص، گھوڑارقص اور ڈھول کی تھاپ پر ڈانس پیش کیا گیا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان سائیکلسٹ عبدالواحد نے ٹریک 2گھنٹی9 منٹ اور 11 سیکنڈ میں عبور کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بائیکستان اکیڈمی کراچی کے علی الیاس نے مقررہ ٹریک 2 گھنٹے 9 منٹ اور40 سیکنڈ کیساتھ عبور کیا۔سندھ کے عاشر نے مقررہ ٹریک 2گھنٹے 11منٹ اور 3 سیکنڈ میں ٹریک مکمل کیا۔اختتامی تقریب کے موقع پر لیفٹیننٹ کرنل حامد مختیار نے دوسرے مرحلے کے فاتح سائیکلسٹ میں انعامات تقسیم کئے۔ ٹوور ڈی وزیرستان سائیکل ریس کا تیسرا اور آخری مرحلہ آج گومل زام ڈیم سے شروع ہو کر وا نا وزیرستان کے مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔ ریس میں سندھ، بلوچستان، پنجاب، بائیکستان سائیکل اکیڈمی کراچی، اسلام آباداور خیبرپختونخوا سمیت 7یونٹس کے 50 کے قریب سائیکلسٹ شریک ہیں۔