قبائلی ضلع اورکزئی کے پبلک انفارمیشن آفیسرز کیلئے معلومات تک رسائی کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

اورکزئی: خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن کی جانب سے ضلع اورکزئی کے پبلک انفارمیشن آفیسرز کیلئے خیبرپختونخوا معلومات تک رسائی کے قانون کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران کمشنر انفارمیشن کمیشن ریاض خان داؤدزئی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ندیم اللہ خان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنرآفس اورکزئی کے جرگہ ہال میں تمام محکموں کے سربراہان ونمائندوں کو معلومات تک رسائی ایکٹ کے متعلق اُن کی ذمہ داریوں پربریفنگ دی۔ریاض خان داودزئی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معلومات تک رسائی قوانین کاملکی ترقی اورعوامی شعورمیں بہت بڑاکردارہے اِس سے نہ صرف کرپشن کا خاتمہ ہوگابلکہ عام عوام میں مزید شعوراجاگرہو گا۔انہو ں نے اِس حوالے سے مختلف ممالک کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بھی اجلاس کے شرکاء کوتفصیل سے آگاہ کیا کہ یہ ہر محکمہ میں پبلک انفارمیشن آفیسر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے محکمہ سے متعلق معلومات فراہم کرے۔اس کے علاوہ اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں معلومات تک رسائی ایکٹ کے متعلق عوام میں آگاہی پھیلائیں کہ کس طرح عوام مختلف معلومات کے بارے میں ضلعی انتظامیہ اور انفارمیشن کمیشن سے مطلوبہ معلومات کے حصول کیلئے رابطہ کرسکتے ہیں۔کمشنر ریاض خان داودزئی نے کہا کہ یہ قانون نہ صرف عام لوگوں کے لئے ہے بلکہ سرکاری ملازمین بھی اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔تمام سرکاری محکمے اِس حوالے سے عوام تک معلومات کی رسائی کے قانون کے بارے میں عوام کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ یہ معلومات آپ کے پاس عوام کی امانت ہیںاوراِسے چھپانے کی کوشش نہ کریں