احساس راشن رعایت کےلئےہر گھرانے کا ایک ہی فرد اہل ہوگا، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس راشن رعایت پروگرام میں نیشنل بینک کا کردار مثالی ہے، وزیراعظم نے احساس راشن رعایت پروگرام کا اجرا کیا ہے جس کی کابینہ نے منظوری دی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ 120 ارب روپے کی سبسڈی کا پروگرام ہے جس سے آئندہ 6 ماہ میں 2 کروڑ خاندانوں کی معاونت کی جائے گی۔آٹا،دالیں اور گھی اور آئل پہ ہر خاندان کو ایک ہزار روپے کی رعایت دی جارہی ہے۔اس پروگرام کی تشکیل تمام قواعدو ضوابط کو سامنے رکھ کے گئی ہے۔اس پروگرام پر عمل درآمد کے لئے پارٹنر نیشنل بنک آف پاکستان ہے۔اور انھیں خوشی ہے کہ وہ نیشنل بنک کے ساتھ کام کررہے ہیں۔نیشنل بنک کا عملہ اس پروگرام میں بھرپور تعاون کررہا ہے۔اور احساس راشن رعایت پروگرام میں نیشنل بنک کا کردار مثالی ہے۔اس پروگرام میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے گا۔اس وقت اس پروگرام کی رجسٹریشن کی جارہی ہے یہ عمل 10 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس مرحلے میں کریانہ مالکان علیحدہ سے رجسٹریشن کرارہے ہیں۔نیشنل بنک ان کی رجسٹریشن کررہاہے ان کے اکاونٹس کھول رہا ہے۔اور دوسری طرف وہ لوگ ہیں جن کی ماہانہ آمدن 50 ہزار سے کم ہے۔حکومت پاکستان ان کی رجسٹریشن کے عمل میں معاونت کررہی ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس راشن رجسٹریشن کےلئے8171 سروس کا آغاز ہوگیا ہے۔ گھرانے کا کوئی بھی فرد8171پر رجسٹریشن کےلئے اپنا شناختی کارڈ نمبر اس موبائل سم سے بھیجے جو اس کے نام پر رجسٹر ہے۔احساس راشن رعایت کےلئےہر گھرانے کا ایک ہی فرد اہل ہوگا۔احساس راشن رعایت پروگرام سے دو کروڑ خاندان مستفید ہوں گے ۔کریانہ مالکان راشن پروگرام کےلئے صرف احساس راشن ویب پورٹل پر ہی رجسٹر ہوں گے۔