بلین ٹری سونامی منصوبہ،شجرکاری کے حوالے سے ٹریڈ مارک بن چکا ہے، ملک امین اسلم

اسلام آباد:وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی شعبہ کی شراکت داری سے جنگلات کی بحالی کے سلسلے میں اینگرو کارپوریشن کے ساتھ معاہدے کے تحت 50 ہزار ایکڑ رقبے پر درخت لگائے جائینگے۔ سرکاری اور نجی شعبہ کی شراکت داری سے جنگلات کی بحالی کے منصوبے کے آغاز کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 12 ہزار ایکڑ رقبے پر مینگرووز کے درخت لگائے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے جو ایم او یو سائن ہوئے وہ واضح نہیں تھے، گلاسگو میں بھی 26 پرائیویٹ کمپنیوں نے ماحولیاتی تحفظ و فروغ کے منصوبوں میں شمولیت اختیار کی ، ہمیں خوشی ہے کہ اس حوالے سے پرائیویٹ کمپنیاں آگے آ رہی ہیں۔ امین اسلم نے کہا کہ ہمارا بلین ٹری سونامی منصوبہ شجرکاری کے حوالے سے ٹریڈ مارک بن چکا ہے۔اس موقع پر سی ای او اینگرو فاؤنڈیشن غیاث احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا فرض تھا کہ ہم بھی شجر کاری کی مہم میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ہم 50 ہزار ایکڑ پر 600 ملین کا پراجیکٹ کر رہے ہیں، یہ پراجیکٹ دس سال میں مکمل ہو گا۔