قبائلی ضلع وزیر ستان سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرمحمد وسیم جونیئر کی کامیابیوں کا سفر جاری

پشاور:بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا کریڈٹ قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو جاتا ہے،جس طرح قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اس رفتار کو ٹیسٹ میچوں میں لے جانا چا ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 15 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد وسیم جونیئر جو کہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پہلے قومی کرکٹر ہیں۔25 اگست 2001 کو پیدا ہونے والے محمد وسیم کو بچپن سے ہی کرکٹ خصوصاً بولنگ کروانے کا شوق تھا۔ محمد وسیم جونیئر نے 28 جولائی 2021 کو برج ٹاؤن کے کینزنگٹن اوول کے میدان میں پاکستان کی ٹی 20 کیپ حاصل کی اور اپنی برق رفتار بولنگ سے کمنٹری بکس میں موجود اپنے وقت کے مایہ ناز فاسٹ بولر سر کوٹلی ایمبروز کو بھی متاثر کر گئے۔انہوں نے پہلے ایک زوردار باؤنسر سے لنڈل سمنز کو واپس جانے پر مجبور کیا اور پھر ٹی 20 کرکٹ کے یونیورس باس کرس گیل کو پویلین کی راہ دکھائی۔محمد وسیم جونیئر کئی مواقع پر بولنگ کے علاوہ اچھی بیٹنگ کر کے خود کو آل راؤنڈر بھی ثابت کر چکے ہیں۔کرکٹ ایکسپرٹ کے مطابق محمد وسیم جونیئر ​اگلے سال کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ، برسبین، ہوبارٹ، پرتھ، سڈنی اور میلبورن میں اپنے فن کاجادوجگانے کیلئے پر عزم ہے۔